کراچی (این این آئی) — موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی ماہرین صحت نے رات بھر پنکھا چلانے کے نقصانات سے خبردار کر دیا ہے۔ پی ایچ ڈی ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر ناہید علی کے مطابق، مسلسل پنکھا چلنے سے جسم پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جو بظاہر نظر نہیں آتے مگر صحت پر گہرے اثرات ڈالتے ہیں۔
ڈاکٹر ناہید نے بتایا کہ رات بھر پنکھے کی ہوا براہِ راست لگنے سے سائی نس خشک ہو سکتے ہیں، گلے میں خشکی اور سینے کی جکڑن جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔ خاص طور پر صبح اٹھتے وقت سینے میں بھاری پن اور ناک بند ہونے کی علامات عام دیکھی جا سکتی ہیں۔
ماہرِ صحت کے مطابق، مسلسل ہوا لگنے سے پٹھے بھی اکڑ سکتے ہیں، اور گرد و غبار کے باعث دمے یا الرجی کے شکار افراد کے لیے چھینکوں اور سانس کی تکلیف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پنکھے کی ٹھنڈی اور مسلسل ہوا سانس کی نالی کو خشک کر دیتی ہے، جس سے گاڑھا بلغم بننے لگتا ہے، اور یہ بلغم حساس بافتوں میں موجود الرجنز کو پھنسنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ کیفیت کھانسی، آواز بیٹھنے اور سائی نس بند ہونے جیسے مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
ڈاکٹر ناہید علی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ رات کے وقت پنکھے کا استعمال اعتدال میں رکھیں، اور کمرے کی مناسب ہوا بندی یا نمی کا خاص خیال رکھیں تاکہ صحت متاثر نہ ہو۔