جون میں جنوری کا سماں: بابو سر ٹاپ پر شدید برفباری نے سردیوں کی یاد تازہ کر دی

Express Zameen

 کہیں گرمی کی شدت، کہیں برفباری کا جادو — جون میں بابو سر ٹاپ پر سردیوں کا سماں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — ملک بھر میں موسم نے رنگ بدل لیے، کہیں جھلسا دینے والی گرمی کا راج ہے تو کہیں برفباری نے سردیوں کا سحر طاری کر دیا۔ مانسہرہ کے مشہور سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ پر غیر متوقع برفباری نے جون میں جنوری جیسے مناظر پیدا کر دیے۔ برف سے ڈھکے مناظر نے بٹہ کنڈی، جل کھڈ، بیسر اور اطراف کے پہاڑوں کو سفید چادر میں لپیٹ دیا، جس کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں تک مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد ان مقامات کا رخ کر رہی ہے۔ بالاکوٹ، ناران اور کاغان میں بھی بارش اور بادلوں کی انٹری ہو چکی ہے، جس نے فضا کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔

ادھر مری، گلیات اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

اس کے برعکس میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت بدستور خطرناک حد تک بلند ہے، جہاں گرمی کا قہر شہریوں کا امتحان لے رہا ہے۔

ملک میں ایک ہی وقت میں گرمی اور سردی کا یہ انوکھا امتزاج قدرت کے حسین رنگوں کا عکاس ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !