پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سرکاری سطح پر حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو کے قیام کا اعلان کر دیا ہے

Express Zameen

اسلام آباد (این این آئی) — وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو، بلال بن ثاقب نے پاکستان کے پہلے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک ڈیجیٹل انقلاب ہے، جس کی قیادت نوجوان نسل کر رہی ہے۔ پاکستان آگے بڑھنے کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بلال بن ثاقب نے امریکا کے شہر لاس ویگاس میں منعقدہ "بٹ کوائن ویگاس 2025" کانفرنس میں اہم خطاب کیا، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ، اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سمیت عالمی شخصیات شریک تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے پہلے سرکاری بٹ کوائن ریزرو کے قیام کا اعلان کیا، جسے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ یہ صرف ایک پالیسی فیصلہ نہیں بلکہ پاکستان کے نئے قومی تشخص کی تشکیل ہے، جو ڈیجیٹل ترقی، نوجوان قیادت، اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں یہاں صرف ایک حکومتی نمائندے کے طور پر نہیں بلکہ ایک نسل کی آواز کے طور پر موجود ہوں — وہ نسل جو آن لائن، آن چین، اور ناقابلِ روک ہے۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک قومی بٹ کوائن والٹ بھی قائم کر دیا گیا ہے، جس میں ریاستی ملکیت میں موجود ڈیجیٹل اثاثے محفوظ کیے گئے ہیں۔ یہ اثاثے فروخت یا قیاس آرائی کے لیے استعمال نہیں ہوں گے بلکہ ملک کے طویل مدتی مالی استحکام کا مظہر ہوں گے۔

بلال بن ثاقب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاک بھارت تنازع میں ثالثی اور کرپٹو کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومتِ پاکستان نے فیز ون میں 2000 میگاواٹ اضافی بجلی بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے مختص کر دی ہے، جس سے عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کلین انرجی پارٹنرز کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

بلال بن ثاقب نے بتایا کہ وہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی (PDAA) کے قیام کی قیادت بھی کر رہے ہیں، جو ایک ایسا ریگولیٹری فریم ورک متعارف کرائے گی جس کے تحت سرمایہ کاروں کا تحفظ، ڈیجیٹل فنانس کی ترقی، اور باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کچھ نیا، مستحکم اور حقیقی بنانا چاہتے ہیں، تو پاکستان آئیں، غریبوں کے لیے والٹس بنائیں، زمین کو ٹوکنائز کریں، اور اپنے وژن کو ہماری نوجوان نسل کی طاقت سے حقیقت میں بدلیں۔‘‘

انہوں نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے Web3 ٹیکنالوجی کا عالمی مرکز بنانے کا عزم ظاہر کیا — ایک ایسا ملک جو ٹیکنالوجی، مواقع اور نوجوان قیادت سے لیس ہو کر عالمی سطح پر نئی راہیں ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !