سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ 21 اپریل کو قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔
حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہو گی، جہاں جسٹس منیب اختر اُن سے حلف لیں گے۔
یہ تقرری چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے پانچ روزہ غیر ملکی دورے کے باعث عمل میں آئی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 20 اپریل کو چین روانہ ہوں گے اور 22 سے 26 اپریل تک ہانگژو میں ہونے والی ایس سی او عدالتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق، چیف جسٹس کے ہمراہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر ظفر جان، اور سینئر سول جج لکی مروت نادیہ گل وزیر بھی چین جائیں گے۔
چیف جسٹس کا وفد 27 اپریل کو وطن واپس لوٹے گا، اس دوران جسٹس منصور علی شاہ قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔