وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری دے دی ہے۔
جڑانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عوام کو بجلی کے نرخوں میں کمی اور ریلیف دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 سے 8 روپے تک کمی کرے گی تاکہ عوام کو مزید سہولت دی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج متعارف کرایا ہے اور سستی کھاد کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گندم کاشت کرنے والے زمینداروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ بعض مواقع پر مشکل فیصلے لینا پڑتے ہیں، جیسے 80 کی دہائی میں چاول کی سپورٹ پرائس ختم ہونے کے بعد چاول کی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مطابق طے ہونے لگی تھی۔