اسلام آباد: غیر ملکی فوڈ چین پر ہنگامہ، 5 افراد گرفتار
اسلام آباد کے سیکٹر E-11 میں واقع ایک غیر ملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر چند افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تقریباً 15 افراد نے نجی ریسٹورنٹ کے باہر احتجاجی انداز میں اجتماع کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا۔
پولیس نے موقع سے 5 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا، جبکہ دیگر افراد موقع سے منتشر ہو گئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پکار 15 پر رابطہ کریں تاکہ بر وقت مدد فراہم کی جا سکے۔