ترکیہ سمیت بحیرہ روم کے ساحلی یورپی ممالک شدید زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔ بدھ کے روز ترکیہ، یونان، بلغاریہ اور رومانیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت یورو-بحیرہ روم زلزلہ پیما مرکز (EMSC) کے مطابق 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز ترکیہ کے شہر استنبول کے نواحی علاقے سیلیوری کے قریب بحیرہ مرمرہ میں واقع تھا۔ جھٹکے دوپہر 12 بج کر 49 منٹ پر محسوس کیے گئے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ استنبول کے علاوہ یونان، اٹلی، فرانس اور پرتگال سمیت کئی ممالک میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ہنگامی اداروں نے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے فیلڈ سروے کا آغاز کر دیا ہے اور زلزلے سے متاثرہ شہریوں کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔ جرمن جیوفزیکل ریسرچ سینٹر کے مطابق جھٹکے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں محسوس کیے گئے جبکہ آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا، جن میں 4.9 شدت کا زلزلہ بحیرہ مرمرہ اور 6.2 شدت کا زلزلہ استنبول میں ریکارڈ کیا گیا۔
ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز زمین سے 12 کلومیٹر نیچے تھا، تاہم سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن حالیہ دو روز میں ترکیہ میں پیش آنے والا یہ ساتواں زلزلہ ہے، جو خطے میں زلزلے کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔