محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مہمند، خیبر اور کرم میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں بھی عمومی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم چند علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کا راج رہے گا، جبکہ بالائی اضلاع میں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہید بینظیر آباد، میرپور خاص اور مٹھی میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
ادارے نے تنبیہ کی ہے کہ رات کے وقت آندھی، ژالہ باری، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کے باعث کمزور ڈھانچے جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔