خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ میں مزید اہم طبی سہولیات شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گردے، جگر اور بون میرو کے ٹرانسپلانٹ کو صحت کارڈ کے دائرہ کار میں لایا جائے گا، اور ان مہنگے علاج کا مکمل خرچ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ ساتھ ہی کوکلیئر امپلانٹ کی لاگت بھی حکومت خود اٹھائے گی۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کا پروگرام بھی جلد صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا، جس کے لیے وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات عمران خان کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت ان سہولیات کو مکمل طور پر مفت فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں، کینابیس پلانٹ کے علاج، تحقیق اور صنعتی استعمال کے لیے قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔