آئی پی ایل یا پی ایس ایل؟ محمد عامر نے اپنی ترجیح کا واضح اظہار کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کا شیڈول ایک جیسا ہو تو وہ آئی پی ایل کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے بغیر کسی جھجک کے کہا، ’’اگر مجھے موقع ملا تو میں آئی پی ایل کھیلوں گا، اور یہ بات میں کھلے عام کہہ رہا ہوں۔‘‘
عامر نے مزید کہا کہ اگر انہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع نہ ملا تو وہ پی ایس ایل میں حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ آئندہ سال انہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع مل جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس سال چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے دونوں لیگز ایک ساتھ ہو رہی ہیں، لیکن آئندہ برس ایسا ہونے کا امکان کم ہے۔