وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے پر بھارت کو غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلح افواج قومی اتحاد، نظم و ضبط اور مفادات کی حقیقی ترجمان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن کی خاطر اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور مستقبل میں بھی اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینا لازم ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے پر بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات میں شامل ہونے کو تیار ہے۔
وزیراعظم نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان 2019 کی طرح بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، ساتھ ہی انہوں نے معاشی استحکام کے لیے جاری اصلاحات اور افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔