وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سیکیورٹی فورسز کے لیے ایک اہم اور تاریخی دن ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب خوارج نے شمالی وزیرستان کے راستے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین اطراف سے انہیں گھیر کر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 54 دہشتگرد مارے گئے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ خوارج پاکستان میں دہشتگردی کے منصوبے کے ساتھ داخل ہونا چاہتے تھے، لیکن سیکیورٹی اداروں نے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر کسی نے پاکستان میں گھسنے کی کوشش کی تو اسی طرح کا انجام ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے، خوارج کی سرگرمیاں واضح کرتی ہیں کہ یہ کس کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ دہشتگردوں کو کون فنڈنگ اور سہولت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ہماری توجہ ہٹانے کی کوشش کی جائے گی، لیکن قوم اور سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر ہوشیار ہیں۔
انہوں نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔