پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا نوٹم جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ پابندی ایک ماہ کے لیے نافذالعمل رہے گی۔
نوٹم کے مطابق 23 مئی کی رات 12 بجے تک بھارتی رجسٹرڈ سول اور عسکری طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس بندش کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز اور بھارت کے لیز پر لیے گئے تمام طیاروں پر بھی ہوگا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے بھارتی پروازوں کے یومیہ اخراجات میں لاکھوں ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، کیونکہ روزانہ 100 سے زائد بھارتی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ ان میں دہلی، ممبئی، احمد آباد، گوا، امرتسر اور دیگر شہروں سے روانہ ہونے والی پروازیں شامل ہیں۔
متاثر ہونے والی بھارتی ایئرلائنز میں ایئر انڈیا، اسپائس جیٹ، انڈیگو، ایئر انڈیا ایکسپریس اور آکاسا ایئر شامل ہیں۔ فضائی حدود کی بندش کے باعث ان پروازوں کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے بڑھ جائے گا۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت کو اس اقدام سے بھاری مالی نقصان ہوگا، پاکستان کو بھی اس سے یومیہ لاکھوں ڈالر کی آمدن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔