"ماں، میں نے چوری نہیں کی" — چپس چوری کے الزام پر 12 سالہ بچے کی خودکشی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع پچھم میدنی پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں محض 12 سالہ طالبعلم نے چوری کے الزام اور عوامی تذلیل سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ساتویں جماعت کے طالبعلم کرشندو داس پر ایک مقامی دکاندار نے چپس کے تین پیکٹ چوری کرنے کا الزام لگایا۔ دکاندار کے مطابق تیز ہوا کے باعث دکان کے باہر رکھے چپس کے پیکٹ زمین پر گرے، جنہیں کرشندو نے اٹھایا۔ اس پر دکاندار نے نہ صرف بچے پر چوری کا الزام عائد کیا بلکہ اسے سخت ڈانٹ پلائی، کان پکڑ کر معافی منگوائی اور 15 روپے ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
بچے نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ چپس خرید لے گا، مگر دکاندار کے سخت رویے کے باعث وہ ایک پیکٹ لے کر وہاں سے چلا گیا۔ جب وہ گھر پہنچا تو والدہ نے بھی اس پر شک ظاہر کیا، اسے ڈانٹا اور تھپڑ مارا، جس سے وہ مزید دل برداشتہ ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ دکاندار موقع سے فرار ہو چکا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔