برطانوی خاتون کی پراسرار موت، دل غائب ہونے کا حیران کن انکشاف

Express Zameen

 ترکیہ میں برطانوی خاتون کی پراسرار موت: پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دل غائب ہونے کا انکشاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — ترکیہ میں چھٹیاں منانے گئی ایک برطانوی خاتون کی پراسرار موت نے ہلچل مچا دی ہے، خصوصاً جب یہ حیران کن انکشاف سامنے آیا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کے جسم سے دل غائب تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، 28 سالہ بیتھ مارٹن، جو دو بچوں کی ماں تھیں، تعطیلات گزارنے کے لیے ترکیہ پہنچی تھیں۔ استنبول آمد کے چند ہی گھنٹوں بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے، اگلے ہی دن وہ انتقال کر گئیں۔

ترک وزارت صحت نے ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ “متعدد اعضا کی ناکامی” بتائی ہے، تاہم حتمی میڈیکل رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

دوسری جانب بیتھ مارٹن کے اہلِ خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ خاتون کا دل ان کے جسم سے غائب تھا، حالانکہ ان کی کوئی سرجری بھی نہیں ہوئی تھی۔ یہ انکشاف خاندان کے لیے شدید صدمے اور حیرت کا باعث بنا ہے۔

بیتھ نے اپنی موت سے قبل فوڈ پوائزننگ کی شکایت کی تھی اور اس بارے میں اپنے ساتھیوں کو بھی آگاہ کیا تھا، لیکن کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ معاملہ جان لیوا ثابت ہوگا۔

اب یہ کیس بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، اور برطانوی حکام نے بھی ترکیہ سے رابطہ کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بیتھ مارٹن کی پراسرار موت اور دل کے غائب ہونے سے جڑے حقائق سامنے آ سکیں۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !