آئی ایم ایف کی رپورٹ جاری: رواں مالی سال زرمبادلہ ذخائر 13.92 ارب ڈالر، آئندہ سال 17.68 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان
اسلام آباد (این این آئی) — عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر مبنی اسٹاف کنٹری رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں رواں مالی سال اور آئندہ مالی سال کے دوران زرمبادلہ ذخائر اور شرح نمو سے متعلق اہم تخمینے پیش کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2024 کے اختتام پر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 92 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہنے کا امکان ہے، جب کہ آئندہ مالی سال 2025-26 میں یہ ذخائر 17 ارب 68 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔
آئی ایم ایف نے موجودہ مالی سال کے لیے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 2.6 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، جو حکومتی ہدف سے کم ہے۔ تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں شرح نمو میں بہتری کا امکان موجود ہے۔
رپورٹ میں اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری میں بہتری کو معیشت کی بحالی کے لیے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔