کراچی سے بھارتی شہر احمد آباد تک دو امریکی ہیلی کاپٹروں کی پراسرار پرواز، مسافروں اور مشن پر سوالات اٹھنے لگے
کراچی (این این آئی) — کراچی سے بھارتی شہر احمد آباد تک دو امریکی ساختہ ہیلی کاپٹروں کی پراسرار پرواز کا انکشاف ہوا ہے، جس نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے ماحول میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ ان ہیلی کاپٹروں میں کون افراد سوار تھے اور ان کا مشن کیا تھا، یہ تاحال ایک معمہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے اور دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔ اس دوران اتوار کی سہ پہر دو امریکی رجسٹریشن نمبر والے ہیلی کاپٹرز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھارتی شہر احمد آباد کا سفر کیا، حالانکہ اس وقت دونوں ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ دونوں ہیلی کاپٹرز – لیونارڈو اے ڈبلیو 139 ماڈل – شارجہ سے نچلی پرواز کرتے ہوئے بحیرہ عرب کے راستے کراچی پہنچے تھے اور تقریباً دو گھنٹے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود رہے۔ بعدازاں یہ ہیلی کاپٹرز سہ پہر تین بجے بدین کی جانب روانہ ہوئے، اور سندھ کے علاقے چوہڑ جمالی کے قریب سے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو کر 11 ہزار فٹ کی بلندی پر احمد آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئے۔
رات گئے تک یہ ہیلی کاپٹرز احمد آباد میں ہی موجود تھے۔ تاہم ان میں موجود مسافروں کی شناخت یا مشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ اس حوالے سے جب پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو رات گئے تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
یہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں خاصی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور مختلف حلقے اس پراسرار پرواز کے مقاصد پر سوال اٹھا رہے ہیں۔