امریکا: بیس بال میچ کے دوران تماشائی 20 فٹ بلندی سے گر کر شدید زخمی
واشنگٹن (این این آئی) — امریکا میں جاری میجر لیگ بیس بال میچ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اسٹینڈ میں بیٹھا تماشائی اچانک 20 فٹ بلندی سے زمین پر گر گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ شخص میچ سے لطف اندوز ہو رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑا اور وہ نیچے جا گرا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی تماشائی کو تشویشناک حالت میں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اونچائی سے گرنے کی وجہ سے اسے شدید چوٹیں آئی ہیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکی ہے، جس نے کھیل کے دوران حفاظتی اقدامات پر ایک بار پھر سوال اٹھا دیے ہیں۔