نریندر مودی کی پاکستان کو آبی دھمکی: "بھارت کے حق کا پانی پاکستان نہیں لے سکتا"

Express Zameen

 مودی کی انتخابی تقریر میں پاکستان پر سخت تنقید، پانی روکنے اور فوجی کارروائیوں کے دعوے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب خاموش تماشائی نہیں بنے گا اور اپنے حصے کا پانی پاکستان کو نہیں لینے دے گا۔

مودی کا کہنا تھا، "پاکستان شاید بھول گیا ہے کہ اب یہاں نریندر مودی کھڑا ہے، جس کا سر فخر سے بلند ہے۔ میرا دماغ پرسکون ہے، لیکن خون میں بارود کی گرمی دوڑ رہی ہے۔"

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کے اڈے تباہ کر دیے ہیں اور جو دشمن بھارت کے وقار کو للکارنے نکلے تھے، وہ مٹی میں دفن ہو چکے ہیں۔ مودی کے بقول، جنہیں اپنے ہتھیاروں پر ناز تھا، وہ ملبے کے نیچے دب چکے ہیں۔

وزیرِ اعظم مودی نے الزام لگایا کہ رحیم یار خان کے قریب پاکستانی فضائی اڈہ تباہ ہو چکا ہے، جسے بھارتی افواج کی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایئربیس اب "آئی سی یو" میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج اور حکومت نے ایسا گھیرا تنگ کیا ہے کہ پاکستان کو پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔ "ہم نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے، اور دنیا نے دیکھ لیا کہ جب سندور بارود میں بدلتا ہے، تو اس کا انجام کیا ہوتا ہے۔"

مودی نے یاد دلایا کہ پانچ سال قبل بالاکوٹ میں فضائی کارروائی کے بعد بھی اُن کا پہلا خطاب راجستھان میں ہوا تھا، اور اب “آپریشن سندور” کے بعد بھی وہ اسی سرزمین سے مخاطب ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا، "میں نے اسی دھرتی پر قسم کھائی تھی کہ بھارت کبھی نہیں جھکے گا، اور آج میں اپنے وعدے پر قائم ہوں۔"

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !