سات ماہ کے دوران 25 مردوں سے شادی کر کے انہیں لوٹنے والی خاتون گرفتار۔

Express Zameen

 اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست بھوپال میں پولیس نے 23 سالہ خاتون انورادھا پاسوان کو گرفتار کیا ہے جو شادی کے بہانے مردوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتی تھی۔ رپورٹ کے مطابق انورادھا نے صرف سات ماہ کے اندر مختلف ریاستوں میں 25 مردوں سے شادی کی اور انہیں نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر غائب ہو گئی۔

پولیس حکام کے مطابق انورادھا پر الزام ہے کہ وہ دھوکہ دے کر شادی کرتی اور بعد ازاں شوہروں کے گھروں سے قیمتی اشیاء چرا کر فرار ہو جاتی۔ اسے میڈیا میں "لوٹ کر بھاگ جانے والی دلہن" کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب راجستھان کے ضلع مادھوپور کے رہائشی وشنو شرما نے شکایت درج کروائی کہ ایک ایجنٹ کے ذریعے 20 اپریل کو اس کی انورادھا سے عدالت میں شادی کروائی گئی، لیکن 12 دن بعد یعنی 2 مئی کو وہ خاتون قیمتی سامان لے کر غائب ہو گئی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ انورادھا قانونی دستاویزات کے ساتھ شادی کرتی، چند دن شوہر کے ساتھ رہتی اور موقع ملتے ہی گھر کا صفایا کر کے فرار ہو جاتی۔

وشنو شرما کو دھوکہ دینے کے بعد بھی انورادھا رک نہیں پائی اور بھوپال میں ایک اور مرد سے شادی کر کے اسے بھی لوٹا۔ مزید تحقیقات میں پتہ چلا کہ انورادھا پہلے اتر پردیش کے مہاراج گنج ضلع میں ایک اسپتال میں کام کرتی تھی، تاہم گھریلو جھگڑوں کے بعد بھوپال منتقل ہو گئی جہاں ایک جعلی شادیوں کا گروہ اس کے ساتھ تھا۔

پولیس کے مطابق یہ گروہ واٹس ایپ پر خواتین کی تصاویر شیئر کرتا اور دلہن فراہم کرنے کے عوض متاثرین سے لاکھوں روپے وصول کرتا تھا۔ گروہ کا مقصد صرف فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کرنا تھا۔ پولیس نے انورادھا کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !