اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — بھارت کے ضلع گجپتی میں ایک افسوسناک واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک 14 سالہ گود لی گئی لڑکی نے اپنے دو بوائے فرینڈز کے ساتھ مل کر اپنی ماں کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 14 برس قبل ایک بے اولاد جوڑے نے سڑک پر پڑی 3 دن کی نومولود بچی کو گود لے کر اپنی بیٹی بنایا تھا۔ شوہر کے انتقال کے بعد خاتون نے اکیلے ہی اس بچی کی پرورش کی۔ تاہم، وقت گزرنے کے ساتھ لڑکی نے رتھ اور ساہو نامی دو لڑکوں سے تعلقات قائم کر لیے، جو عمر میں اس سے خاصے بڑے تھے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی سوتیلی ماں ان تعلقات کے خلاف تھی، جس پر دونوں لڑکوں نے لڑکی کو ماں کو قتل کر کے جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے اکسایا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ 29 اپریل کو لڑکی نے پہلے ماں کو نیند کی دوا دی اور پھر دونوں لڑکوں کو گھر بلا کر ماں کا تکیے سے منہ دبا کر اسے قتل کروا دیا۔
قتل کے بعد تینوں ملزمان خاتون کو اسپتال لے گئے جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا، جبکہ لڑکی نے خود رشتہ داروں کو اطلاع دی۔
اس واردات کا پردہ اس وقت چاک ہوا جب مقتولہ کے بھائی کو لڑکی کا موبائل فون ملا، جس میں قتل کے بعد چوری کیے گئے سونے کے زیورات (70 گرام) اور 60 ہزار روپے نقدی کے پیغامات موجود تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے لڑکی اور اس کے دونوں بوائے فرینڈز کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران تین موبائل فون، قتل میں استعمال ہونے والے دو تکیے اور تقریباً 30 گرام سونے کے زیورات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
