سونے کی اسمگلنگ ناکام، 5 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں سونے کے بسکٹ برآمد

Express Zameen

 


کراچی میں سونے کی اسمگلنگ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، 5 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے اور سونے کے بسکٹ برآمد

کراچی (این این آئی) – فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے صدر کے علاقے میں واقع گولڈ ٹاور اور گولڈ سینٹر پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران سونے کے 17 بسکٹ اور 11 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کرلی گئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق برآمد کیے گئے تمام سونے کے بسکٹ 10،10 تولے کے ہیں۔ کارروائی صدر گولڈ ٹاور کی نویں منزل پر دفاتر نمبر 910 اور 911 اور گولڈ سینٹر کی دکان نمبر 46 پر کی گئی۔ اس دوران سونے کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ، رجسٹر اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی سلیم عرف بابا اور باسط اکبانی نامی اسمگلروں کے خلاف حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ دونوں مرکزی ملزمان چھاپے سے قبل فرار ہو گئے، جبکہ ان سمیت مجموعی طور پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں ناصر کھتری، رفیق خانانی، نوید اسلم، سعید اللہ اور عرفان رحمت اللہ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک حوالہ ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی غیر ملکی ادائیگیوں میں بھی ملوث ہے، جو کہ فارن ایکسچینج ریگولیشن (ترمیمی) ایکٹ 2020 اور کسٹمز قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ایف آئی اے نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور دیگر ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !