عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار، وکلا کی عدم موجودگی کو بنیاد بنا دیا
راولپنڈی (این این آئی) — اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔ لاہور پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں ان کا ٹیسٹ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وکلا کی غیر موجودگی میں تفتیشی عمل کا حصہ بننے سے انکار کیا۔ پولیس ٹیم جب جیل پہنچی تو جیل حکام نے انہیں سیل سے بلایا، مگر وہ سامنے نہ آئے۔ لاہور پولیس کی 11 رکنی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل آئی تھی، جس میں پنجاب فرانزک یونٹ کے ماہرین سمیت انسپکٹر محمد اسلم، محمد عالم اور محمد ارحم بھی شامل تھے۔
یاد رہے کہ 14 مئی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کی اجازت دی تھی۔ پولیس نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سچائی جانچنے کے لیے سائنسی طریقہ کار اپنانا ناگزیر ہے۔ تاہم عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں اس درخواست کی سخت مخالفت کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے دو سال بعد ایسی درخواست بدنیتی پر مبنی ہے۔
