اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — پاکستان کی مسلح افواج میں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "فیلڈ مارشل" کا درجہ ایک بار پھر زندہ ہو گیا ہے، جب آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو اس باوقار اعزازی عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ یہ رینک ان افسران کو دیا جاتا ہے جو ملکی دفاع یا جنگی میدان میں غیر معمولی خدمات انجام دیں۔
فیلڈ مارشل کا عہدہ جنرل سے بھی بلند تصور کیا جاتا ہے اور اسے فائیو اسٹار (پانچ ستارہ) رینکس میں شامل کیا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ عہدہ انتظامی اختیارات یا کمان سے وابستہ نہیں ہوتا، لیکن یہ ایک عظیم اعزاز کے طور پر دیا جاتا ہے جو افسر کی نمایاں قیادت، بہادری اور حب الوطنی کا اعتراف ہوتا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل صرف ایک مرتبہ یہ رینک دیا گیا، جب 1959 میں سابق صدر اور آرمی چیف جنرل محمد ایوب خان کو فیلڈ مارشل کے رتبے سے نوازا گیا تھا۔
یہ اعزازی عہدہ نہ صرف فوجی خدمات کا اعلیٰ اعتراف ہے بلکہ قومی سلامتی کے لیے انتھک محنت، فیصلہ کن قیادت اور بے مثال قربانی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔