نئی دہلی (این این آئی) — بھارتی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر 90 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جن میں 5 بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ پروازیں ملک بھر میں متعدد ایئرپورٹس کی بندش کے باعث منسوخ کی گئیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کی ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں 27 سے زائد ایئرپورٹس عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ بھارتی وزارتِ شہری ہوابازی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق یہ ہوائی اڈے 10 مئی کی صبح 5 بج کر 29 منٹ تک بند رہیں گے۔
روزنامہ "دی ہندو" کے مطابق جن ہوائی اڈوں کو بند کیا گیا ہے ان میں سری نگر، لیہہ، امرتسر، چندی گڑھ، پٹیالہ، شملہ، دھرم شالہ، جودھ پور، بیکانیر، جیسلمیر، کشن گڑھ، بھودرہ، راجستھان، کانڈلا، کیشود اور بھوج شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کئی ایئرپورٹس کو انڈین ایئر فورس اور ایئرلائنز مشترکہ طور پر استعمال کرتے ہیں۔