بھارت کو منہ توڑ جواب کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، 9929 پوائنٹس کا زبردست اضافہ
کراچی (این این آئی) پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے بعد ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست ردِعمل دیکھنے کو ملا۔ پیر کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار تیزی کا رجحان دیکھا گیا، اور 100 انڈیکس میں ایک موقع پر 9929 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔
اس تیزی کے باعث مارکیٹ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا، جبکہ 100 انڈیکس 117,104 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔ اسی دوران کے ایس سی 30 انڈیکس میں بھی 3020 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 35,668 کی سطح پر پہنچ گیا۔
5 فیصد اضافہ ہونے پر کے ایس سی 30 انڈیکس میں بھی کاروبار روک دیا گیا، جو اسٹاک مارکیٹ کے ضوابط کے تحت خودکار حفاظتی اقدام ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی حملے کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی، تاہم پاکستان کے مؤثر اور جارحانہ ردعمل نے نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط پیغام دیا بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال کیا، جس کا نتیجہ غیر معمولی معاشی بہتری کی صورت میں سامنے آیا۔