اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے تمام کاروباری ادارے برطانیہ میں بند کر دیے گئے ہیں، جن پر ٹیکس چوری اور بینک ڈیفالٹ کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق، برطانوی عدالت نے حسن نواز کو باقاعدہ طور پر بینک ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے ان پر 5.2 ملین پاؤنڈز کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ان کے زیرِانتظام کام کرنے والی تمام سات کمپنیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ کمپنی ہاؤس اور برطانیہ کی ٹیکس اتھارٹی (HMRC) نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے یہ کمپنیاں بند کیں۔ حسن نواز ان تمام اداروں میں بطور ڈائریکٹر رجسٹرڈ تھے۔
واضح رہے کہ حسن نواز پر گزشتہ کئی برسوں سے مالی بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔ حالیہ عدالتی فیصلے کو ان کے کاروباری کیریئر کے لیے بڑا دھچکہ تصور کیا جا رہا ہے۔