پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح، عالمی سطح پر جوش و خروش اور پاک فوج کو خراجِ تحسین
اسلام آباد (این این آئی) — پاکستان کی بھارت کے خلاف حالیہ فتح نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی ہے، خصوصاً سوشل میڈیا پر عالمی سطح پر پاکستانی مسلح افواج کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ فوجی سطح پر حاصل کی گئی اس بڑی کامیابی کے بعد، بین الاقوامی مسلم دنیا اور دنیا کے مختلف خطوں سے پاکستان کی حمایت میں بے مثال ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
ترکی، ایران، بنگلہ دیش، فلسطین، سعودی عرب، آذربائیجان، وسطی ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے لاکھوں سوشل میڈیا صارفین نے پاک فوج کے کارناموں پر تحسین کے پیغامات دیے ہیں۔ انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر) اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز پر "پاکستان زندہ باد" کے نعرے گونج رہے ہیں۔
پاکستان کے دیرینہ دوست چین میں بھی جشن کا ماحول ہے۔ ایک وائرل ویڈیو میں چینی شہری بھارتی رافیل طیاروں کی تباہی کا طنزیہ گیت گاتے اور رقص کرتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ بعض عرب نوجوانوں کو بھی اس انداز کی نقالی کرتے دیکھا جا رہا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں چینی اور پاکستانی فوجیوں کو سرحدی چوکی پر ایک ساتھ جشن مناتے اور رقص کرتے دکھایا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان فوجی بھائی چارے کی علامت ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کچھ مغربی سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاک فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیتے ہوئے تعریفی پیغامات شیئر کیے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فتح صرف علاقائی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک علامتی کامیابی بن چکی ہے۔
دوسری جانب، بھارت کے اندر اس فتح نے کئی سطحوں پر اثرات مرتب کیے ہیں۔ ایک وائرل ویڈیو میں بھارتی مسلم نوجوانوں کو "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا، اور جب ایک مقامی رپورٹر نے ان سے بھارت کے حق میں نعرہ لگوانے کی کوشش کی تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے پاکستان کے حق میں ہی بات کی۔
پاکستان کی یہ تاریخی فتح نہ صرف ملک کی سرحدوں کے اندر بلکہ سرحدوں سے باہر بھی خوشیوں کا باعث بنی ہے۔ دنیا کے دور دراز خطوں میں پاکستانی عوام اور ان کے اتحادی جشن مناتے دکھائی دے رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج کی یہ کامیابی عالمی سطح پر اثر ڈالنے والی ایک اہم فتح ہے۔
یہ عالمی ردِعمل نہ صرف پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ بھارت کے لیے بھی ایک نفسیاتی اور سفارتی چیلنج بن چکا ہے، جس کی بازگشت اب ہر براعظم میں سنائی دے رہی ہے۔