پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی اور سعید آفریدی حیدرآباد میں گرفتار
حیدرآباد (این این آئی) – حیدرآباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں فردوس شمیم نقوی اور سعید آفریدی کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ کارکنوں کے ہمراہ ریلی نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت کے بعد فردوس شمیم اور سعید آفریدی کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی اجتماع کی قیادت کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ دونوں رہنما اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں نامزد رہ چکے ہیں۔ گزشتہ برس کراچی میں ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر کے باہر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ جیسے الزامات کے تحت ان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جو اب بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
مدعی کے مطابق، اس واقعے میں پی ٹی آئی کے 150 سے 200 کارکنان نے ڈی سی آفس پر دھاوا بولا، جن کی قیادت علی زیدی، بلال غفار، سعید آفریدی اور دیگر رہنما کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پرتشدد رویہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں مقدمات میں اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت کئی سنگین دفعات شامل کی گئیں۔
تحریک انصاف نے رہنماؤں کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
