پاکستان کی حمایت پر بھارت کا سیاحتی بائیکاٹ، آذربائیجانی صحافی کا دوٹوک جواب

Express Zameen


پاکستان کی حمایت پر بھارت کی دھمکیاں بے اثر، آذربائیجانی صحافی کا دوٹوک مؤقف

باکو (این این آئی) آذربائیجان انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین اور معروف صحافی احمد شاہدوف نے بھارت کی جانب سے سیاحتی بائیکاٹ کی دھمکیوں کے باوجود پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احمد شاہدوف نے کہا کہ جو لوگ آذربائیجان کو سفری پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کی دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ آذربائیجان کبھی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکا اور نہ ہی جھکے گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ "ہم اپنے برادر ملک پاکستان کے منصفانہ مؤقف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، اور کوئی سیاسی یا معاشی خطرہ ہمیں اس مؤقف سے ہٹا نہیں سکتا۔"

احمد شاہدوف نے لکھا کہ بھارتی سیاحتی کمپنیاں بائیکاٹ کی باتیں کر رہی ہیں، مگر آذربائیجان کا مؤقف واضح ہے کہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کسی کاروباری مفاد سے مشروط نہیں ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہماری دوستی کوئی تجارتی سودے بازی نہیں بلکہ ایک لازوال قدر ہے۔ ہر بائیکاٹ ہمیں مزید مضبوط بناتا ہے۔"

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نہ صرف اپنی معیشت، بلکہ اپنی سیاسی خودمختاری کا بھی دفاع کرنا جانتا ہے۔ "شاید ہمارے اس مؤقف پر کچھ سیاح نہ آئیں، یا چاول کی چند کھیپیں رک جائیں، لیکن عزت اور بھائی چارہ ہمیشہ قائم رہے گا۔"

آخر میں انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اگر پاکستان ماضی میں آذربائیجان کا ساتھ نہ دیتا، تو آج ہم اپنی تاریخ اور شناخت کے تحفظ میں کمزور ہوتے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !