پراپرٹی سیکٹر کو ایک اور جھٹکا، کیپیٹل گین ٹیکس میں 25 فیصد اضافے کی تجویز
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ایک اور بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے، کیونکہ آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں حکومت کی جانب سے کیپیٹل گین ٹیکس میں 25 فیصد تک اضافے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس مجوزہ فیصلے سے جائیداد کی خرید و فروخت میں مزید سست روی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پراپرٹی پر عائد کیپیٹل گین ٹیکس کی موجودہ شرح، جو کہ 15 فیصد ہے، کو بڑھا کر 40 فیصد کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ اسے کارپوریٹ انکم ٹیکس کی سطح تک لایا جا سکے۔ اس فیصلے کا مقصد ٹیکس ریونیو میں اضافہ کرنا اور پراپرٹی سیکٹر سے حاصل ہونے والے منافع پر مؤثر ٹیکس وصولی کو یقینی بنانا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پراپرٹی مارکیٹ پہلے ہی گزشتہ چند سالوں میں لگائے گئے بھاری ٹیکسوں کے باعث سست روی کا شکار ہے، اور اب کیپیٹل گین ٹیکس میں اضافے سے سرمایہ کار مزید محتاط ہو جائیں گے، جس سے جائیداد کی ٹرانزیکشنز میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی یہ پالیسی معیشت کے اس اہم شعبے پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، جہاں لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ اگر مجوزہ ٹیکس نافذ ہوا تو نہ صرف جائیداد کے کاروبار سے وابستہ افراد متاثر ہوں گے بلکہ تعمیراتی صنعت بھی دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔
