میاں چنوں: مریضہ کو جنسی ہراسانی پر ڈاکٹر گرفتار، مقدمہ درج
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) میاں چنوں میں پولیس نے ایک حساس واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون مریضہ کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے والے ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک شخص نے ویڈیو میں اپنا نام اعجاز غنی بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی بیوی کا علاج کروانے ڈاکٹر رفیق گجر کے پاس آیا، مگر ڈاکٹر نے چیک اپ کے دوران غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے زبان سے زبان لگا کر معائنہ کیا۔ ویڈیو میں متاثرہ شوہر ڈاکٹر سے سوال کرتا نظر آتا ہے کہ یہ کیسا طبی معائنہ ہے جو اس طرح کیا جاتا ہے؟ ساتھ ہی اُس نے غصے میں ڈاکٹر کے خلاف سخت الفاظ بھی استعمال کیے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیق گجر کو گرفتار کر کے اُس کے خلاف دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ڈاکٹر نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
