ماہرہ خان: دوسری شادی میں تاخیر بیٹے کی رضامندی کا انتظار تھا
کراچی (این این آئی) — معروف اداکارہ اور سپر اسٹار ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی دوسری شادی میں تاخیر کی وجہ صرف یہ تھی کہ وہ یہ قدم اپنے بیٹے اذلان کی رضامندی سے اٹھانا چاہتی تھیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ چند برس پہلے ہی شادی کے بارے میں سنجیدہ تھیں، لیکن اُس وقت اذلان کی عمر ایسی نہیں تھی کہ وہ ان کے فیصلے کو سمجھ پاتا۔ "میں چاہتی تھی کہ میرا بیٹا اس فیصلے میں میرے ساتھ ہو، اور جب وہ اتنا باشعور ہوا کہ خود مجھ سے دوبارہ شادی کرنے کو کہے، تب میں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ اذلان ہی وہ شخص تھا جس نے مجھے اس قدم کے لیے حوصلہ دیا۔"
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ ایک ماں ہونے کے ناتے یہ فیصلہ اکیلے لینا ان کے لیے انتہائی مشکل تھا۔ "مجھے ڈر تھا کہ اگر دوسری شادی بھی ناکام ہوگئی تو اس کا اثر اذلان پر کیا ہوگا؟ میری زندگی بغیر دوسری شادی کے بھی پُرسکون تھی، اس لیے میں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہتی تھی جو میرے بیٹے کے لیے نقصان دہ ہو سکتا۔"