آئی ایم ایف کی دوسری قسط کی منظوری اور پاک-بھارت سیز فائر کے بعد روپے کو استحکام، ڈالر کی قیمت میں کمی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): آئی ایم ایف سے قرض کی دوسری قسط کی منظوری اور پاکستان و بھارت کے درمیان سیز فائر معاہدے کے بعد ملکی معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کا مثبت اثر روپے کی قدر پر بھی دیکھا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے آغاز پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں 100 انڈیکس میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں امریکی کرنسی 31 پیسے سستی ہوکر 281 روپے 40 پیسے پر آگئی۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی سپورٹ اور خطے میں کشیدگی میں کمی، دونوں عوامل روپے کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔