اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستان سے جنگ بندی کے اعلان پر انتہا پسند عناصر نے بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری کو ’’غدار‘‘ قرار دے دیا، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد وکرم مسری اور ان کے اہلخانہ کو مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث انہوں نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند (لاک) کر دیا ہے تاکہ خود کو اور اپنے خاندان کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھ سکیں۔
دوسری جانب بھارتی سیاسی رہنماؤں، غیرملکی سفارت کاروں اور بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن نے وکرم مسری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مفاد میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے افسران کو اس طرح کے ذاتی حملوں کا نشانہ بنانا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ایک افسوسناک رجحان بھی ہے۔
سینئر حکام کا کہنا ہے کہ قومی فیصلے اختلافِ رائے کا حق ضرور دیتے ہیں، لیکن نفرت انگیز مہم اور تشدد کی دھمکیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتیں