ایرانی نائب وزیر خارجہ کی توہین پر بھارت میں تعینات ایرانی سفارتخانے کا شدید ردعمل
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): بھارت میں تعینات ایرانی سفارتخانے نے سابق بھارتی فوجی افسر اور معروف تجزیہ کار گورو آریا کی جانب سے ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ سفارتخانے نے اس اقدام کو غیر سفارتی، غیر اخلاقی اور بین الاقوامی آدابِ گفتگو کے منافی قرار دیا ہے۔
گورو آریا، جو پاکستان مخالف بیانیے کے لیے شہرت رکھتے ہیں، نے ایک بھارتی ٹی وی پروگرام میں عباس عراقچی کی پاکستان آمد اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے انتہائی توہین آمیز اور قابل اعتراض زبان استعمال کی۔ انہوں نے عراقچی اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ایک تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’یہ شخص پاکستان سے ہو کر آیا ہے اور اب بھارت پہنچا ہے‘‘—اس کے بعد انہوں نے ایرانی سفارتکار کے لیے نازیبا الفاظ اور غیر شائستہ القابات استعمال کیے، جس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
میجر آریا نے الزام لگایا کہ جب بھارت کے علاقے پہلگام میں حملہ ہوا، اس وقت عراقچی بھارت آ کر یہ پیغام دے سکتے تھے کہ ایران بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، لیکن ایسا نہیں ہوا، جو ان کے بقول "دوہرا معیار" ہے۔
ایرانی سفارتخانے نے اس بیان پر باضابطہ احتجاج کرتے ہوئے بھارتی حکومت اور میڈیا ریگولیٹری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیں اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔