اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز شدید آندھی اور طوفان کی زد میں آ گئی، تاہم بروقت اقدام کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
تفصیلات کے مطابق پرواز نمبر ایف ایل 842 نے جیسے ہی لاہور کے لیے اڑان بھری، فضا میں داخل ہوتے ہی شدید موسمی خرابیاں سامنے آئیں۔ طوفانی جھٹکوں نے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور متعدد مسافر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
صورتحال کے پیش نظر پائلٹ نے فوری مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور طیارے کو واپس کراچی لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسی دوران اسلام آباد سے لاہور جانے والی پی کے 6385 پرواز کو بھی خراب موسم کے باعث کراچی موڑ دیا گیا، جبکہ کراچی سے روانہ ہونے والی دو دیگر پروازیں، پی کے 305 اور پی اے 405، بھی موسمی صورتحال کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دی گئی ہے اور تمام پروازوں کی روانگی موسم بہتر ہونے تک مؤخر کر دی گئی ہے۔