اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں شدید گرمی اور بدترین بجلی بحران کے باعث ایک خاندان نے اے ٹی ایم بوتھ کو عارضی پناہ گاہ میں تبدیل کر لیا۔
ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جبکہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شدید گرمی اور بجلی کی عدم دستیابی سے پریشان ایک خاندان نے جھانسی میں واقع اے ٹی ایم بوتھ میں پناہ لے رکھی ہے تاکہ وہاں نصب ایئر کنڈیشنر کے ذریعے کچھ راحت حاصل کی جا سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین اپنے بچوں کے ساتھ بوتھ میں موجود ہیں اور گرمی سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایک خاتون نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ “نہ دن میں بجلی آتی ہے نہ رات کو، اور صبح ہوتے ہی کام پر جانا بھی ضروری ہوتا ہے، ایسے میں آرام کا کوئی ذریعہ نہیں بچتا۔”
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے علاقے میں بجلی کی شدید قلت ہے، جس کے باعث اب مجبوری میں اے ٹی ایم بوتھ میں وقت گزارنا پڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ بھارت میں جاری موسمی شدت اور بنیادی سہولیات کی کمی کا عکاس ہے، جس نے عام شہریوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے۔

