ماہرہ خان کا انکشاف: سابق شوہر اور ان کی اہلیہ سے اب بھی خوشگوار تعلقات قائم ہیں
کراچی (این این آئی) پاکستان کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے آج بھی اپنے سابق شوہر علی عسکری اور ان کی موجودہ اہلیہ زارا کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔
اداکارہ نے یہ گفتگو احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ 2007 میں علی عسکری سے کی گئی ان کی پہلی شادی ان کے لیے ایک قیمتی تجربہ تھی۔ ماہرہ نے کہا، "اگر یہ رشتہ نہ ہوتا تو مجھے اذلان جیسا انمول بیٹا کبھی نہ ملتا۔"
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اپنی پہلی شادی کے اختتام پر کسی قسم کا پچھتاوا نہیں، کیونکہ ہر مرحلہ زندگی میں سیکھنے کا باعث بنتا ہے۔ ماہرہ نے مزید بتایا کہ وہ کئی سال پہلے دوبارہ شادی کر سکتی تھیں، لیکن انہوں نے اپنے بیٹے اذلان کی بہتری کو ہمیشہ مقدم رکھا۔
اداکارہ کے مطابق، "میں چاہتی تھی کہ اذلان میری دوسری شادی کو دل سے قبول کرے۔ جب وہ اس قابل ہوا تو اس نے خود مجھے دوبارہ شادی کرنے کا مشورہ دیا۔" ماہرہ خان نے بتایا کہ اکتوبر 2023 میں بزنس مین سلیم کریم سے ان کی دوسری شادی ایک پختہ اور سوچا سمجھا فیصلہ تھا۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ شادی سے قبل ان کے دل میں کچھ خدشات ضرور تھے، لیکن اذلان کی مکمل حمایت اور حوصلہ افزائی نے انہیں یہ قدم اٹھانے کا اعتماد دیا۔