اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یورپ سے تعلق رکھنے والے چار مسلمان حجاج، جن میں تین اسپین کے شہری اور ایک مراکش سے تعلق رکھنے والا حاجی شامل ہیں، حال ہی میں گھوڑوں پر سوار ہو کر سعودی عرب پہنچے۔ ان کا یہ غیر معمولی اور روحانی سفر سعودی عرب کے شمالی علاقے القریات میں واقع الحدیثہ سرحدی گزرگاہ پر اختتام پذیر ہوا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، جب یہ قافلہ الحدیثہ کراسنگ پر پہنچا تو سعودی حکام، والنٹیئرز اور مقامی افراد نے ان کا پھولوں، تحائف اور روایتی نعروں کے ساتھ خیرمقدم کیا۔ الحدیثہ مرکز کے ڈائریکٹر، ممدوح المطیری نے اس موقع پر کہا کہ ان حجاج کا یہ سفر خلوص نیت اور پختہ ارادے کی ایک شاندار مثال ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ لوگ بیت اللہ کی زیارت کے لیے کس قدر جذبہ اور عزم کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔
سعودی بارڈر کنٹرول ٹیم، میڈیکل عملہ اور معاون اسٹاف نے نہ صرف ان حجاج کا طبی معائنہ کیا بلکہ انہیں تازہ دم کرنے کے لیے ریفریشمنٹ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔ حج سیزن کی تیاریوں کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے اور سعودی حکومت زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے۔
الحدیثہ میں مقامی ترقیاتی تنظیم نے ان حجاج کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی، جہاں روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ حاجیوں کو خوش آمدیدی تحائف، پھولوں کے گلدستے اور کٹس پیش کی گئیں۔