براہموس میزائل ڈپو کی تباہی، بھارتی ادارے نے پاکستانی مؤقف کی تصدیق کر دی
نئی دہلی (این این آئی) بھارتی براہموس میزائلوں کے ڈپو کی تباہی پر پاکستان کے مؤقف کی تصدیق خود بھارت کے قومی ریڈیالوجی سیفٹی ڈویژن نے کر دی ہے۔ اس سرکاری ادارے نے تصدیق کی ہے کہ ڈپو میں ہونے والے واقعے کے بعد تابکاری پھیل گئی ہے، جس سے مقامی آبادی کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب میں واقع براہموس میزائل بیس سے تابکاری کے اخراج کے بعد حکام نے فوری طور پر الرٹ جاری کیا اور تین کلومیٹر کے دائرے میں موجود آبادی کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ متاثرہ علاقے میں پانچ کلومیٹر کے دائرے تک بسنے والے شہریوں کو دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ پاکستان کے اس دیرینہ مؤقف کو درست ثابت کرتا ہے کہ بھارت کے حساس ہتھیاروں اور میزائل سسٹمز کے تحفظ کے حوالے سے شدید غفلت برتی جا رہی ہے، جو نہ صرف خود بھارت بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔
