بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

Express Zameen

 


بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کا جواب فوری، منہ توڑ اور یقینی ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کی جانب سے فوری، مؤثر اور یقینی جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جنگی پالیسی خود اس کے لیے باہمی تباہی کا نسخہ بن سکتی ہے، اور اگر دونوں ممالک کے درمیان سنگین کشیدگی بڑھی تو وہ مکمل تباہی کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ جو کوئی بھی پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو چیلنج کرے گا، اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کو متنبہ کیا کہ جنگی رویے اپنانے سے وہ ایک ایسے راستے پر گامزن ہو رہا ہے جو دونوں ممالک کے لیے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دنیا اب جوہری تصادم کے خطرات کو سنجیدگی سے لینے لگی ہے اور بھارت کے جنگی عزائم عالمی برادری کے لیے بھی باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور دیگر عالمی طاقتیں اس حقیقت سے واقف ہیں کہ بھارت جو طرزعمل اختیار کر رہا ہے، وہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت اس خطے کو زبردستی داخلی مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور اپنی بھاری فوجی موجودگی کے ذریعے کشمیری عوام کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے لیکن اگر کوئی ہماری خودمختاری یا سلامتی پر آنچ لانے کی کوشش کرے گا، تو ردعمل انتہائی سخت اور فیصلہ کن ہو گا۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !