پاکستان نے خوش باش اقوام کی عالمی فہرست میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا
کراچی (این این آئی) — دنیا کی خوش باش اقوام کی فہرست میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بین الاقوامی سروے ادارے "گیلپ" نے 2025 کے لیے خوش باش قوموں کی فہرست جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان 44 ممالک میں سے 8ویں نمبر پر رہا۔
گیلپ کے ہیپی نیس انڈیکس میں 72 فیصد پاکستانیوں نے تمام تر چیلنجز، مسائل اور مشکلات کے باوجود اپنی زندگی سے خوشی کا اظہار کیا۔ یہ ایک حیران کن مگر حوصلہ افزا نتیجہ ہے، جو پاکستانی عوام کے حوصلے اور مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب بھارت، جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور ابھرتی معیشت کہتا ہے، اس فہرست میں سب سے آخری نمبر پر آیا۔ بھارتی سروے میں صرف 31 فیصد افراد نے خود کو خوش قرار دیا، جب کہ 34 فیصد نے اپنی زندگی سے مایوسی کا اظہار کیا، جو کہ مودی حکومت کے دور میں عوامی اضطراب اور معاشرتی دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔
گیلپ انڈیکس میں چین نے سب سے زیادہ اسکور حاصل کرتے ہوئے 86 فیصد شرح کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا۔
واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک حالیہ رپورٹ میں بھی خوش باش 147 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 109 اور بھارت کا 118 واں تھا۔ یہ فہرست مختلف معاشرتی، معاشی اور انسانی ہمدردی پر مبنی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جاتی ہے، جیسے کہ باہمی تعاون، سماجی حمایت اور مجموعی طرزِ زندگی۔
یہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ معاشی یا سیاسی طاقت ہی خوشی کی ضمانت نہیں، بلکہ عوام کی ذہنی سکون، باہمی ربط اور مثبت رویہ زیادہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔