بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کو جھوٹی اور بے بنیاد خبروں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور کہا ہے کہ ’’ہمارے نیوز چینلز اب مذاق بن چکے ہیں‘‘۔

Express Zameen

 ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی اور سنسنی خیز خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ’’تماشہ‘‘ قرار دے دیا۔

حالیہ دنوں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے مختلف علاقوں پر حملے کیے ہیں، تاہم پاکستانی حکام نے فوری اور دوٹوک انداز میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔

ان الزامات کے بعد بھارتی نیوز چینلز پر جھوٹی ویڈیوز، فرضی تجزیے اور بے سروپا دعوؤں کا سیلاب امڈ آیا۔ ’آج تک‘، ’ٹائمز ناؤ‘، ’انڈیا ٹی وی‘ اور ’ریپبلک ٹی وی‘ جیسے بڑے پلیٹ فارمز نے پاکستان مخالف جھوٹ پر مبنی بیانیہ پھیلانے کی دوڑ میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کی۔

رات بھر یہ چینلز سنسنی خیز اور چیختی چلاتی خبروں کے ذریعے ناظرین کو گمراہ کرتے رہے، مگر اگلی صبح سوشل میڈیا پر خود بھارتی شہریوں نے ان خبروں کے شواہد اور حقائق پوچھنا شروع کر دیے، جس سے ان دعوؤں کی قلعی کھل گئی۔

اسی صورتِ حال پر سوناکشی سنہا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:
"یہ جو خبریں ہیں، یہ اصل میں ہیں ہی نہیں۔ یہ صرف چیخ و پکار، خوف اور ڈرامہ ہے۔ ہمارے نیوز چینلز اب سنجیدہ ادارے نہیں بلکہ مزاحیہ اسٹیج شو بن چکے ہیں۔"

اداکارہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی میڈیا ہاؤسز کو نظرانداز کریں جو صحافت کے نام پر صرف سنسنی بیچتے ہیں اور معاشرے میں بے چینی پیدا کرتے ہیں۔

دوسری طرف، سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جھوٹے دعوے اور پروپیگنڈہ اب عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہو چکا ہے۔ متعدد افراد نے مطالبہ کیا کہ ایسے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے جو صحافتی ذمہ داریوں کو مذاق بنا چکے ہیں۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !