نئی دہلی (این این آئی) — بھارت نے بالآخر بالواسطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے کہ اس کے رافیل طیارے پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہ ہوئے۔ بھارتی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام کی جانب سے دی گئی ایک میڈیا بریفنگ کے دوران ائیر مارشل اے کے بھارتی نے طیارہ گرائے جانے سے متعلق براہِ راست تصدیق سے گریز کیا، تاہم ان کے مبہم جواب نے اس کی تصدیق کا تاثر دیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ رافیل طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا:
"نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں، اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، کیونکہ اس سے مخالف فریق کو فائدہ ہو سکتا ہے۔"
اس مبہم بیان کو دفاعی تجزیہ کار بالواسطہ اعتراف قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ڈی جی ایم او، لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی نے تصدیق کی کہ پاکستان سے جھڑپوں میں بھارت کے پانچ فوجی مارے گئے ہیں۔ ان کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ بھارت نے پاکستان کے اندر نو مقامات کو نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ہم منصب سے بات چیت کے بعد سیز فائر پر اتفاق ہوا ہے اور مزید گفتگو پیر کو متوقع ہے۔
دفاعی مبصرین کے مطابق بھارت کی جانب سے اس قسم کا مبہم ردِعمل دراصل زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کی ایک کوشش ہے، جبکہ پاک فضائیہ کی برتری ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔