پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔

Express Zameen


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف دشمن کو حیران کیا بلکہ دنیا بھر کی توجہ بھی حاصل کر لی۔ عالمی میڈیا اور بین الاقوامی دفاعی ماہرین نے پاکستانی کارروائی کو مؤثر اور کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے قابلِ ستائش قرار دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جنگی حکمت عملی بری طرح ناکام ہوئی جبکہ پاکستان نے عسکری محاذ پر برتری ثابت کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت اربوں ڈالر کے اخراجات کے باوجود فیصلہ کن حملہ کرنے میں ناکام رہا، جبکہ پاکستان کی فضائی قوت بھارت کے لیے بڑا چیلنج بنی رہی۔

برطانوی جریدے "ٹیلی گراف" نے بھی پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے شرمناک شکست ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے جدید میزائلوں کے ذریعے 5 بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے، جن میں رافیل جیسے مہنگے طیارے بھی شامل تھے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے انکشاف کیا کہ تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے کسی جنگ میں تباہ ہوئے، جو کہ بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فوجی اڈوں اور ایئر بیسز کو بھاری نقصان پہنچایا، جس کے بعد بھارت نے امریکا سے سفارتی مدد کی اپیل کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس حالیہ جھڑپ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی عسکری اور فضائی برتری بھی قائم رکھے ہوئے ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !