امریکا چھوڑنے والے تارکین کے لیے بڑا اعلان، رضاکارانہ واپسی پر خصوصی فوائد

Express Zameen


 امریکا نے رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے تارکین وطن کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا

واشنگٹن (این این آئی) امریکا نے غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے کی ترغیب دینے کے لیے ایک نیا اقدام متعارف کرایا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسے تارکین وطن کو سفری اخراجات کے طور پر ایک ہزار ڈالر فراہم کرے گی جو خود سے امریکا چھوڑ کر اپنے وطن واپس جائیں گے۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ اگر آپ امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم ہیں تو گرفتاری سے بچنے اور اپنے ملک واپس جانے کا یہ سب سے محفوظ، سستا اور بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اب سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو مالی مدد اور واپس جانے کے لیے وظائف فراہم کرے گا۔

محکمے کے مطابق ایک ہزار ڈالر کی امداد ان افراد کو دی جائے گی جو رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جائیں گے، اور ایپ اس کی تصدیق کرے گی۔ ہوم لینڈ سکیورٹی نے یہ بھی کہا کہ خود کو ملک بدر کرنا امریکا چھوڑنے کا ایک باوقار طریقہ ہے جو تارکین وطن کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ سے بچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اس اقدام کے تحت، سی بی پی ہوم ایپ کے ذریعے اخراجات میں 70 فیصد کمی متوقع ہے، جبکہ امریکا میں کسی غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کر کے ملک بدر کرنے کی اوسط لاگت 17 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ہنڈوراس سے تعلق رکھنے والے ایک غیردستاویزی تارکین وطن پہلے ہی اس پروگرام کا فائدہ اٹھا کر اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔

یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ دوبارہ منتخب ہو کر لاکھوں غیرقانونی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجیں گے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !