پاکستان سائبر فورس کا بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملے کا دعویٰ
نئی دہلی (این این آئی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ "پاکستان سائبر فورس" نامی گروہ نے بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملہ کیا اور حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔ رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک اکاؤنٹ سے بتایا گیا کہ گروپ نے بھارتی ملٹری انجینئرنگ سروس اور منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالیسز کا ڈیٹا ہیک کرلیا ہے۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیکرز نے دفاعی اہلکاروں کی ذاتی معلومات اور لاگ ان کریڈنشلز حاصل کیے۔ اس کے علاوہ، گروپ نے بھارتی وزارت دفاع کے تحت چلنے والی کمپنی "آرمرڈ ویہیکل نگم لمیٹڈ" کی ویب سائٹ کو بھی نشانہ بنایا اور اسے پاکستانی پرچم اور الخالد ٹینک کی تصویر کے ساتھ ڈیفیس کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق، سائبر حملے کے بعد ویب سائٹ کو فوری طور پر آف لائن کرکے سیکیورٹی آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے اور آئندہ ایسے حملوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔