بیجنگ/اسلام آباد (این این آئی) — پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیارے کی تباہی پر چینی سوشل میڈیا صارفین نے بھی طنز و مزاح کا محاذ سنبھال لیا، اور بھارتی فضائی ناکامی کا خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں چینی انفلوئنسرز کو بھارتی شہریوں کا روپ دھارے، پگڑیاں پہنے اور علامتی طیاروں کے ماڈل سروں پر سجائے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وہ اپنی زبان میں مزاحیہ گانا گا کر رافیل کی تباہی پر طنزیہ ردعمل دے رہے ہیں، جس نے چینی اور پاکستانی سوشل میڈیا پر زبردست توجہ حاصل کر لی ہے۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستانی صارفین بھی اس پر دلچسپ تبصرے کرنے لگے۔ ایک صارف، سحرش مان، نے لکھا کہ "ہم سے زیادہ تو چینی رافیل کی تباہی پر بھارت کا مذاق بنا رہے ہیں۔" فرحان ورک نے تبصرہ کیا کہ "دنیا کی تاریخ میں پہلی بار فرانسیسی رافیل اور اسرائیلی ڈرون کسی ملک نے گرائے ہیں، یہ پاکستان اور چین کے بنائے گئے جے 10 سی کی بڑی کامیابی ہے۔"
ایک اور صارف، ارم شہزادی، نے لکھا: "چینیوں نے جس تخلیقی انداز میں رافیل کی تباہی کو ٹرول کیا ہے، وہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔"
چینی سوشل میڈیا پر اس مزاحیہ ردعمل کو ماہرین ایک طرح کی "سافٹ پاور" اور نفسیاتی دباؤ کی حکمت عملی قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد بھارت کی فضائی ناکامی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔