میرپور (این این آئی) — میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش اے اور جنوبی افریقا اے کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش کے بلے باز رپن مونڈول نے جنوبی افریقی بولر کو چھکا مارا، جس کے بعد بولر اور بلے باز کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جو ہاتھا پائی پر منتج ہوا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنوبی افریقی بالر شیپو اینٹولی نے بنگلہ دیشی بیٹر کو دھکا دیا اور پھر ہاتھا پائی شروع کر دی۔ اس دوران دیگر کھلاڑی اور امپائر دونوں کو الگ کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔
واقعے کی رپورٹ آن فیلڈ امپائر اعلیٰ حکام، جنوبی افریقی بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو پیش کریں گے اور دونوں کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا امکان ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان پر الجھیں، اس سے پہلے ون ڈے سیریز میں بھی انڈیل سمیلا اور جشن عالم کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے باعث دونوں کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میچ کی صورتحال کے مطابق بنگلہ دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 371 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقی ٹیم نے 42.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے ہیں۔